باجوڑ میں شرپسندوں نے دو پرائمری اسکولوں کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا، اورکزئی ایجنسی کے علاقوں دختان، نرمے سوکا اور سرہ میلہ پر جیٹ طیاروں کی بمباری کے دوران پانچ اہم شدت پسند ہلاک اور تین ٹھکانے تباہ کردیے گئے جبکہ انٹیلی جنس حکام نے اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت کو رپورٹ پیش کی ہے کہ قبائلی علاقوں میں سکھوں کے اغواء اور قتل میں بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ اور تحریک طالبان ملوث ہیں۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ہنگو کے علاقے وسطی کرم میں مقامی لشکر اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں چھ شدت پسندوں سمیت سولہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔باجوڑ کے علاقے ناوہ گئی اور ماندل میں شرپسندوں نے 2 پرائمری اسکول دھماکے سے تباہ کر دیئے۔علاوہ ازیں آن لائن کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے اعلیٰ سیاسی اور عسکری حکام کو بھجوائی جانے والی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں سے سکھوں کے اغواء اور قتل میں بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ اورکالعدم تحریک طالبان پاکستان ملوث پائی گئی ہے اور ان دونوں کا گٹھ جوڑ سامنے آچکا ہے۔ سکیورٹی ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ صدر آصف علی زرداری‘ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور عسکری قیادت کو بھجوائی جانے والی تحقیقاتی رپورٹ میں یہ بات بتائی گئی ہے کہ پاکستان میں عسکریت پسندی سے متاثرہ قبائلی علاقوں سمیت مختلف حصوں میں پچیس ہزار سکھ رہ رہے ہیں اور بھارت پاکستان میں رہنے والے سکھوں کی فلاح و بہبود اور سکیورٹی کو ایک پروپیگنڈہ کے طور پر پیش کر رہا ہے۔ ...........
110